49

جسارت کے ایڈیٹر انچیف اطہر ہاشمی انتقال کر گئے

روزنامہ ’جسارت‘ کے ایڈیٹر انچیف سید اطہر علی ہاشمی کراچی میں 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اطہر ہاشمی طویل عرصے سے عارضۂ قلب اور دیگر امراض میں مبتلا تھے، مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ ظہر جامع مسجد شہباز گلستانِ جوہر بلاک 12 میں ادا کی جائے گی۔
اطہر علی ہاشمی نے ’علاؤالدین خلجی کی معاشی پالیسی‘ پر مقالہ لکھ کر ایم فل کی ڈگری حاصل کی تھی۔
انہوں نے زندگی کے 44 برس شعبۂ صحافت کو دیئے، مرحوم نے جدہ سے پہلا اردو اخبار ’اردو نیوز‘ نکالا۔
اطہر ہاشمی کو عربی، ہندی اور فارسی پر بھی عبور تھا وہ سنسکرت کی شدھ بدھ بھی رکھتے تھے۔
زبان کی اصلاح کے حوالے سے اطہر ہاشمی کے کالم ’خبر لیجیے زباں بگڑی‘ کے عنوان سے نہ صرف پاکستان بھر میں پڑھے جاتے تھے بلکہ دنیا کئی ملکوں کے اخبارات ان کالموں کو اپنے روزناموں میں شائع کرتے تھے۔
مرحوم قناعت پسند، بے نیاز، نرم خُو، خوش مزاج ، صلح جُو، لائق قلم کار اور بہت اچھے اُستاد تھے۔
مرحوم اطہر ہاشمی کے سوگوران میں 3 بیٹے اور 1 بیوہ شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں