23

متاثرینِ سانحۂ مچھ نے عوام کے دل جیت لیے: فردوس عاشق

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ سانحۂ مچھ کے متاثرین نے وزیرِ اعظم عمران خان کی آواز پر لبیک کہہ کر عوام کے دل جیت لیے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بات کہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے، شہداء کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی اور کمیشن آزادانہ تحقیقات کر کے جلد رپورٹ پیش کرے گا، جے آئی ٹی کی روشنی میں مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے جبکہ نادان اپوزیشن اپنی مفاد پرست گھٹیا سیاست کے ذریعے مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے نزدیک ملکی مفاد ہر صورت مقدم ہے، قومی مفادات کو ذاتی مفاد پر ترجیح دینا ہر محبِ وطن کی ذمے داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں