21

ورلڈ کپ ،پاکستان اورآسٹریلیا آج آمنے سامنے ہوں گے

ٹانٹن( جرات نیوز )بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں (آج) بدھ کو ایک میچ کا فیصلہ ہوگا۔ میگا ایونٹ کا 17 واں میچ پاکستان اور عالمی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ٹانٹن میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہو گا۔ ماہرین کے مطابق ورلڈ کپ کا 17 واں میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔آسٹریلوی ٹیم اب تک میگا ایونٹ میں تین میچز کھیل چکی ہے اور دو میچز جیتنے کے بعد وہ پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کی ٹیم تین پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم سب سے زیادہ پانچ بار ورلڈ کپ جیت چکی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم بھی عمران خان کی قیادت میں ایک مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔اس میچ کے بارے میں کرکٹ کے ماہرین آسٹریلیا کی ٹیم کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔ پاکستان کی جیت کے تیس فیصد امکانات اور آسٹریلیا کی جیت کے 70 فیصد امکانات بتائے جارہے ہیں لیکن پاکستان کی ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے دار میچ کی توقع کی جارہی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ہونے والے ورلڈ کپ کے میچز میں بھی جیت کے حوالے سے آسٹریلوی ٹیم کو برتری حاصل ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین ورلڈ کپ میں اب تک 9 ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان کی ٹیم نے چار میچز جیتے اور پانچ ہارے۔ ٹانٹن کی وکٹ گرین ٹاپ ہے جو کہ فاسٹ بولرز کو مدد دے گی اسلئے پاکستان ٹیم میں فاسٹ بولرز کی شمولیت کو ترجیح دی جائے گی۔ واضح رہے کہ عالمی کپ میں (کل) جمعرات کو بھی ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ناٹنگھم کے مقام پر آمنے سامنے ہونگی۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہو گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں