73

ٹیکس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ملک میں ٹیکس کے نظام میں اصلاحات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

دوران اجلاس وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں حکمران طبقے نے اپنے مفادات کے لئے ملکی وسائل کا غلط استعمال کیا اور ٹیکس کے نظام میں وقتاً فوقتاً تبدیلیاں و ردوبدل کیا جاتا رہا جس کے باعث ٹیکس کا سارا بوجھ عام عوام اور چھوٹے تاجروں و کاروباری برادری پر پڑتا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ ٹیکس کے نظام کو منصفانہ اور شفاف بنایا جائے۔

اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی جس میں ٹیکس نظام میں موجود خرابیوں کو دور کرنے کے حوالے سے بتایا گیا ہے جبکہ مراعات یافتہ طبقات کی جانب سے ٹیکس نظام کے غلط استعمال کو روکنے، ٹیکس کی چوری اور ٹیکس اہلکاروں کی بدعنوانیوں کے خاتمے سے متعلق بتایا گیا ہے۔

اس ضمن میں نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز وزیراعظم کو پیش کی گئیں ہیں۔

وزیرِ اعظم کی جانب سے ٹیکس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے تاکہ قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کیا جا سکے۔

اجلاس میں شبلی فراز، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ،عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شہباز گل، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ، سابق وزیرِ خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا، چئیرمین ایف بی آر و دیگر سینیئر افسران شریک ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں