17

پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت افتخار علی ملک کل سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا منصب سنبھالیں گے

اسلام آباد پاکستان کی معروف کاروباری اور سماجی شخصیت افتخار علی ملک کل منگل کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا منصب سنبھالیں گے، وہ تیسرے پاکستانی ہیں جو یہ اعزاز حاصل کر رہے ہیں. سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر روان ادھیریسنگھے نے ایگزیکٹو کمیٹی کا 79 واں اور جنرل اسمبلی کا 23 واں دو روزہ مشترکہ اجلاس (آج) منگل کو طلب کر رکھا ہے۔
سارک چیمبر کے قائم مقام سیکرٹری جنرل ذوالفقار علی بٹ نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ کورونا وبا کی پابندیوں کی وجہ سے روان ادھیریسنگھے سری لنکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے پہلے دن اجلاس کی صدارت کریں گے اور نیپال، بھوٹان، سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش، بھارت اور پاکستان کے نائب صدور اپنے اپنے ممالک سے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کی سابقہ میٹنگ اور گذشتہ دو سال کی مدت کے دوران ہونے والے اقدامات اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے گا اور سال 19-2018ء کے اکاؤنٹس کی سمری کے علاوہ کچھ آئینی ترامیم بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

سینیئر نائب صدر سارک چیمبر پاکستان چیپٹر افتخار علی ملک آئندہ دو سال کی مدت کے لئے سارک چیمبر کے 14 ویں صدر کا عہدہ سنبھالیں گے اور روان ادھیریسنگھے نئے صدر کو خوش آمدید کہیں گے جبکہ تمام ممالک سے تعلق رکھنے والے نائب صدور سے نئی ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل اسمبلی کو بھی متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صدر کمیٹیوں کے قیام، سالانہ بجٹ اور تاحیات ممبرشپ کی منظوری کے علاوہ پالیسی بیان جاری کریں گے۔
ایگزیکٹو کمیٹی کے نئے مقام کو بھی اتفاق رائے سے حتمی شکل دی جائے گی۔ افتخار ملک سارک چیمبر کی سربراہی کرنے والے تیسرے پاکستانی ہیں۔ قبل ازیں پاکستان سے تعلق رکھنے والے دو دیگر تاجر رہنما 1993ء سے 1995ء تک ایس ایم انعام اور 2008ء سے 2010ء تک طارق سعید اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں