27

کورونا کے پیچھے چھپنے سے پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رکے گا، مریم اورنگزیب

لاہور(جرات نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے بے آرام ہونے کا وقت ہو گیا ہے، کورونا کے پیچھے چھپنے سے پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رکے گا ۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک و قوم کی تباہی وزیر اعظم عمران خان کی مجرمانہ لاپرواہی اور غیرذمہ دارانہ پالیسی کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ کی ریک لیس پالیسی کا نتیجہ آٹا، چینی، دوائی، بجلی، گیس چوری کی شکل میں عوام بھگت رہے ہیں ۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان آپ کی ریک لیس پالیسی نے پشاور میں 126 ارب کے گڑھے کھود دیے ہیں لیکن اب آپ کے کورونا کے پیچھے چھپنے سے پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رکے گا اور وہ اپنے مقررہ دن، وقت اور مقام پر تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہو کر رہے گا ۔ مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران صاحب عوام آپ کی ریک لیس سیلیکٹڈ نالائق , نا اہل اور کرپٹ حکومت سے نجات چاہتے ہیں ،عمران صاحب آپ کی ریک لیس حکومت کی ریک لیس پالیسیوں نے قوم کو ریسٹ لیس کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسی نے پاکستان کی ترقی کی شرح منفی صفر کر دی ہے جبکہ حکومت کی قرضہ پالیسی سے قوم قرض کی تاریخی دلدل میں ڈوب گئی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں