نیوزی لینڈ نے دورہ بنگلادیش کے لیے اعجاز پٹیل کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کردیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے دورہ بنگلادیش میں دو ٹیسٹ کے لیے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جس میں حیران کن طور پر کرکٹ میں تاریخ رقم کرنے والے بھارتی نژاد اسپنر اعجاز پٹیل کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔اعجاز پٹیل نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے درمیان شیڈول دونوں ٹیسٹ میچز میں اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔33 سالہ اعجاز پٹیل نے حال ہی میں کھیلے جانے والے ممبئی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لے کر پوری بھارتی ٹیم کو پویلین بھیج کر ریکارڈ قائم کیا تھا جن کی اسکواڈ میں عدم شمولیت پر کرکٹ شائقین بھی حیران ہیں تاہم ان کے اسپنر پارٹنر راچن رویندرا کو اسکواڈ میں رکھا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش کی ہوم کنڈیشنز دیکھتے ہوئے اعجاز پٹیل کو ڈراپ اور رویندرا کو اسکواڈ میں رکھا گیا ہے۔گیری اسٹیڈ کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ کنڈیشن کے حساب سے سلیکشن پالیسی کو رکھا ہے اور ہمیں یقین ہےکہ بنگلادیش سے ٹیسٹ میچز کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے، ہم بنگلادیش کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کپتان کین ولیم سن کی عدم موجودگی پر مایوسی ہے لیکن ان کی جگہ ٹام لیتھم کپتانی کریں گے، امید کرتے ہیں ولیم سن جلد ٹیم میں ہوں گے۔
