ہتک عزت کیس؛ خواجہ آصف نے وزیراعظم پر جرح ختم کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا

(ن) لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے ہتک عزت کیس میں وزیراعظم عمران خان پر جرح کا حق ختم کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا۔وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم سے متعلق معاملات میں الزامات لگانے پر خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد عدنان کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کردیا گیا۔خواجہ آصف نے عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کا آرڈر اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
خواجہ آصف نے درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج اور عمران احمد خان کو فریق بناتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ای کورٹ کے ذریعے وزیراعظم کا بیان وکیل صفائی کی عدم موجودگی میں ریکارڈ کیا، وکیل نے خرابی صحت کے باعث عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ وہ 17 دسمبر کو پیش نہیں ہو سکتے، عدالت نے قانون کا حوالہ دیے بغیر جلدبازی میں فیصلہ سنایا، جرح کا حق ختم کرنے کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے شوکت خانم میموریل اسپتال سے متعلق بیان پر 15 نومبر 2012 کو خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں