اومیکرون؛ ایک عمرے کے فوری بعد دوسرا عمرہ کرنے کی سہولت ختم

ریاض: سعودی عرب نے اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر کورونا پابندیوں میں مزید سختی کرتے ہوئے ایک عمرے کے بعد فوری طور پر دوسرے عمرے کی سہولت ختم کردی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے عمرہ پرمٹ کے اجرا کی پالیسی میں تبدییلی کرتے ہوئے ایک عمرے کے بعد دوسرے عمرے کے درمیان کم از کم 10 دن کا وقفہ لازمی قرار دیدیا ہے۔قبل ازیں معتمرین کو ایک عمرے کے فوری بعد دوسرا عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کی اجازت تھی تاہم اب یہ سہولت ختم کرتے ہوئے 10 روز سے کم وقفے پر اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ یہ اقدام اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث اُٹھایا گیا ہے۔سعودی حکومت کے اس اقدام کا مقصد رش کو کم کرنا اور مطاف میں طواف اور نماز کے دوران سماجی فاصلہ سمیت احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔واضح رہے کہ اومیکرون ویریئنٹ کے کیسز میں اضافے کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں کورونا پابندیاں دوبارہ نافذ کی جا رہی ہیں۔ حال ہی میں ماسک کی پابندی اور سماجی فاصلہ رکھنے کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں