آزاد کشمیر میں میاں بیوی پر تشدد کرنے والے تینوں افراد گرفتار

مظفر آباد: لنگرپورہ کے مقام پر میاں بیوی پر تشدد کرنے والے تینوں افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق مظفرآباد آزاد کشمیر کے علاقے لنگرپورہ کے مقام پر میاں بیوی پر تشدد کرنے والے تینوں افراد کو آزاد کشمیر پولیس نے 12 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا۔سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ نوجوان کار میں سوار ایک مرد اور اور اس کے ساتھ بیٹھی خاتون کو تھپڑ مار رہے ہیں اور پیسوں کا مطالبہ کررہے ہیں، ایک شخص مرد کو کار سے گھسیٹ کر باہر نکالتا ہے اورخود گاڑی کے اندر داخل ہو کر خاتون سے موبائل اور قیمتی اشیا چھین لیتا ہے، جب کہ گاڑی کی چابی بھی نکال لیتے ہیں۔ واقعے میں ملوث افراد میں شامل ایک شخص ویڈیو بھی بنارہا ہے۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے بتایا کہ ایک روز قبل سوشل میڈیا پر لنگرپورہ سیٹلائٹ ٹاوٴن کے مقام پر چند مقامی افراد کی جانب سے ایک سیاح مرد اور عورت کے ساتھ بداخلاقی اور تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، اس ویڈیو پر ہم نے فوری نوٹس لیا اور واقعہ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان کی گرفتاری کی خبرابتدائی طور پر فیس بک پیج پر شیئر کی۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث ان گرفتار ملزمان سے تفتیش اور ان سے برآمد ہونے والے موبائل فونز کے ذریعہ معلومات ملی ہیں کہ واقعہ میں نظر آنے والے مرد اور عورت سیاح نہیں بلکہ لوکل لوگ ہی تھے، تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش اور تحقیقات ہورہی ہیں، واقعہ کے پس منظر اور مزید تفتیشن کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کیا جاتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں