دھرمیندر کا انہیں ’’پاگل‘‘ کہنے والے مداح کو خوبصورت جواب

ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر نے انہیں ’’پاگل‘‘ کہنے والے مداح کو انتہائی خوبصورت جواب دے کر سوشل میڈیا صارفین کا دل جیت لیا۔دھرمیندر سوشل میڈیا پر کافی سرگرم ہیں اور اکثر ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اپنی سرگرمیوں سے مداحوں کو آگاہ کرتے رہتے ہیں۔حال ہی میں دھرمیندر نے ٹوئٹر پربھارتی قوم پرست اور ہندوستانیوں کے ہیرو مانے جانے والے رہنما سبہاش چندر بوس کے مجسمے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا ’’میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں نیتا جی۔۔ زندگی ہے قوم کی۔۔ تو قوم پر لٹائے جا‘‘۔دھرمیندر کی اس پوسٹ کو ٹوئٹر صارفین کی جانب سے سراہا گیا، تاہم ایک صارف نے ان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں پاگل کہا۔ صارف نے دھرمیندر کی پوسٹ پر لکھا ’’آپ پاگل تو نہیں ہوگئے نا‘‘؟صارف کے اس کمنٹ پر دھرمیندر کے مداح غصے میں آگئے اور صارف کو اداکار کی عزت کرنے کے لیے کہا۔ جب لڑائی زیادہ بڑھ گئی تو دھرمیندر کو میدان میں آنا پڑا اور انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں نرمی سے ایک خوبصورت بات کہتے ہوئے اس لڑائی کو ختم کروایا۔دھرمیندر نے لکھا ’’کوئی بات نہیں انشمن، پاگل پن سے ہی زندگی میں انقلاب آتا ہے‘‘۔ اداکار کے جواب پر سوشل میڈیا صارفین ان کی تعریف کررہے ہیں۔واضح رہے کہ دھرمیندر ان دنوں فلم ’’روکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ میں کام کررہے ہیں اور جلد ہی پردہ اسکرین پر نظر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں