ملک میں کورونا سے 38 اموات، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح میں نمایاں کمی

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 38 افراد انتقال کرگئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 44 ہزار 779 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3338 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔گزشتہ روز اس وبا نے مزید 38 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا جب کہ مثبت کیسز کی شرح 7.45 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 1684 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح مزید کم ہوگئی، محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 11.15 فیصد ریکارڈ ہوئی، کراچی میں 4359 نمونوں میں سے 486 کیسز مثبت رہے۔محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی کرونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی آنے لگی، حیدرآباد میں 859 نمونوں میں سے 16.30 فیصد شرح سے 140 کیسز مثبت آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں