لاہور میں بھارتی باحجاب طالبہ سے اظہار یکجہتی کے لیے اللہ اکبر ریلی

لاہور: جماعت اسلامی کی جانب سے بھارت کی نڈر بیٹی مسکان سے اظہار یکجہتی کے طور پر اللہ اکبر ریلی نکالی گئی۔ریلی میں نوجوانوں اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ رہنما جماعت اسلامی احمد سلمان بلوچ نے ریلی کی قیادت کی۔ شرکاء نے اللہ اکبر کی صدائیں بلند کیں۔احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ سرحد پار اپنی ہمشیرہ مسکان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، تاکہ خدا کی کبریائی کو بیان کر سکیں، اس واقعے میں پیغام ہے کہ اللہ کی حاکمیت کا اقرار کرنے والا جب فرشی خداؤں کے سامنے ڈٹ جاتا ہے تو عرش والا اسکی توقیر کا ضامن بن جاتا ہے۔علاوہ ازیں پریس کلب سے امریکن قونصلیٹ تک عوامی رکشہ یونین نے ”ویلڈن مسکان حجاب ریلی“ نکالی جس میں سینکڑوں خواتین کارکنوں نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت چئیرمین مجید غوری آور صدر وومن ونگ عائشہ غوری نے کی۔مقررین نے کہا کہ ریاست کرناٹک کی طالبہ مسکان نے باطل کے سامنے حق کا نعرہ بلند کیا، اللہ اکبر کا نعرہ کالج میں لگا ، اللہ تعالیٰ نے پوری دنیا میں اس کے نام کے نعرے لگوا دئیے، مسکان نے ثابت کر دیاکہ مسلمان خواتین کا بہادری میں کوئی ثانی نہیں، تمام خواتین حجاب پہن کر احکامات دین کی پیروی کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں