مجھ پر فرد جرم عائد کروانے کے لیے قومی اسمبلی اجلاس ملتوی کیا گیا، شہباز شریف

لاہور: شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھ پر فرد جرم عائد کروانے کے لیے قومی اسمبلی اجلاس ملتوی کیا گیا۔منی لانڈرنگ کے مقدمے میں شہباز شریف اور دیگر ملزمان پر آج فرد جرم عائد نہ ہوسکی اور عدالت نے ملزمان کی ضمانت میں 28 فروری تک توسیع کردی۔سماعت کے بعد شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس آج میری وجہ سے ملتوی کیا گیا کیونکہ آج فرد جرم کی تاریخ تھی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ پہلے ایف آئی اے نے درخواست دی کہ سماعت کی تاریخ 17 یا 19 کر دی جائے، تاکہ میں 18 کو بہانہ نہ بناؤں کہ آج قومی اسمبلی کا اجلاس ہے اس لیے پیش نہیں ہوسکتا لیکن عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست خارج کردی تو حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کی تاریخ ہی تبدیل کردی، حکومت کا ارادہ تھا کہ آج چارج فریم کروائیں گے، لیکن اللہ مالک ہے۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف 16 ارب سے زائد منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کررکھا ہے، ایف آئی اے نے 2021ء میں منی لانڈرنگ کا چالان عدالت میں جمع کروایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں