کوہلی کا فین پی ایس ایل میچ میں ان کی تصویر لے آیا، شعیب اختر نے کیا ردعمل دیا؟

پاکستان سپر لیگ کے میچ میں مداح کی جانب سے بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی کی تصویر ساتھ لانے پر شعیب اختر نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔پاکستان سپر لیگ کا پہلا مرحلہ تقریباً اختتام پزیر ہو چکا ہے، پلے آف مرحلے کے لیے چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے تاہم لیگ مرحلے کا آخری میچ آج لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور آج کا میچ کھیلنے والی دونوں ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچز میں تماشائیوں کو 100 فیصد گنجائش کے ساتھ آنے کی اجازت ہے اور بڑی تعداد میں کرکٹ کے مداح پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم کا رخ کر رہے ہیں اور اپنی پسندیدہ ٹیموں اور کھلاڑیوں کو سپورٹ کر رہے ہیں۔بھارت کا کوئی کھلاڑی پی ایس ایل میں شامل نہیں ہے لیکن اس کے باوجود پاکستانی شائقین پی ایس ایل میچ میں اپنے پسندیدہ کرکٹر ویرات کوہلی کی تصویر گراؤنڈ میں ساتھ لے آیا۔
تصویر پر انگریزی میں ایک تحریر بھی لکھی ہوئی تھی کہ میں پاکستان میں آپ کی سنچری دیکھنا چاہتا ہوں، ساتھ ہی تصویر پر امن کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا گیا تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر پر قومی ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔شعیب اختر نے صارف کی جانب سے کوہلی کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ کوئی قذافی اسٹیڈیم میں محبت کو فروغ دے رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں