پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا سیریز کے لئے میچ آفیشلز کا تقرر

آسٹریلیا کے 24 سال بعد دورہ پاکستان میں شامل تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے لئے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا گیا ہے۔سیریز میں شامل تین ٹیسٹ میچز میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اور پی سی بی کے انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ آئی سی سی کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے کو اس سیریز کے لئے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
سری لنکا سے تعلق رکھنے والے رنجن مدوگالے وہ واحد میچ ریفری ہیں جو اب تک 200 سے زائد ٹیسٹ میچز میں فرائض انجام دے چکے ہیں۔ تین مرتبہ آئی سی سی کے امپائر آف دا ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے علیم ڈار اب تک 136 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔
پی سی بی کے امپائر برائے 2020 اور 2021 کا ایوارڈ وصول کرنے والے آصف یعقوب سیریز کے پہلے اور تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹی وی امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ دوسرے ٹیسٹ میں یہ ذمہ داریاں راشد ریاض نبھائیں گے۔یہ دونوں امپائرز سیریز میں شامل ون ڈےانٹرنیشنل اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں احسن رضا اور علیم ڈار کے ساتھ آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داریوں کا تبادلہ بھی کریں گے۔وائٹ بال سیریز میں میچ ریفری کے فرائض جاوید ملک ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں