یوکرین میں ایک اور بھارتی طالب علم کو گولی لگ گئی

کیف: جنگ زدہ یوکرین میں ایک بھارتی طالب علم گولی کا نشانہ بن گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یوکرین میں پھنسے بھارتی طلبا کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہے۔ روسی فوج کا شیل لگنے سے کرناٹک سے تعلق رکھنے والا میڈیکل کا طالب علم نوین جان کی بازی ہار گیا تھا جب کہ ایک طالب علم شدید ذہنی دباؤ اور اضطراب کے باعث دماغ کی رگ پھٹ جانے سے ہلاک ہوگیا تھا۔
اسی طرح ایک اور بھارتی طالب علم گولی لگنے کے باعث شدید زخمی ہوگیا اور اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے جب کہ مودی حکومت روایتی بیانات سے کام چلا رہی ہے۔مودی حکومت کے وزیر وی کے سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارتی طلبا کو کسی بھی صورت فوری طور پر یوکرین چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ گولی یا شیل کسی کی قومیت، مذہب یا تعلق کو نہیں دیکھتی۔ادھر یوکرین میں پھنسے بھارتی طلبا نے مودی حکومت کی بے حسی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔ ہمیں انخلا سے روکنے کے لیے ٹرین سے دھکیلا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں