سابق صدر پاکستان رفیق تارڑ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

لاہور: سابق صدر جسٹس (ر) رفیق تارڑ رضائے الہی سے انتقال کر گئے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر پاکستان جسٹس (ر) محمد رفیق تارڑ رضائے الہی سے انتقال کر گئے، وہ سانس، شوگر اور پھیپھڑوں سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا تھے، اور طویل عرصے سے شدید علیل تھے، مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے بھی سوشل میڈیا پر سابق صدر پاکستان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میرے دادا رفیق تارڑ انتقال کر گئے ہیں۔نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
رفیق تارڑ 2نومبر 1929 گھگھڑ منڈی میں پیدا ہوئے، وہ 1989 سے 1991 تک چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ رہے، 1991سے 1994ء تک سپریم کورٹ کے بطور سینئر جسٹس بھی رہے، سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ریٹائر ہونے کے بعد 1997 میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور پھر اسی سال ملک کے صدر بنے، 1999 میں پرویز مشرف کی طرف سے نواز شریف کی حکومت کی برطرفی کے بعد انہیں عہدے سے نہیں ہٹایا گیا، وہ 1998 سے 2001 تک صدر پاکستان رہے، رفیق تارڑ کا شمار نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔
رفیق تارڑ کے انتقال پر ملک کے تمام سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے سابق صدر رفیق تارڑ کے انتقال پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اورسوگواران کو صبرِ جمیل کی دعا کی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر محمد رفیق تارڑ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سابق صدر مملکت، ہمارے شفیق اور مہربان بزرگ، زیرک قانون دان، انصاف پسند جج اور نہایت اچھے انسان محترم رفیق تارڑ بھی رخصت ہوگئے، اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پبجاب چوہدری محمد سرور، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی، اے این پی کے سربراہ اسفندریارولی، پیپلزپارٹی کے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، معاون خصوصی حسان خاور اور دیگر نے بھی رفیق تارڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں