پشاور دھماکے کے خودکش بمبار اور سہولت کار کی تفصیلات سامنے آگئیں

پشاور: قصہ خوانی بازار کی مسجد میں دھماکا کرنے والے خودکش بمبار اور اس کے سہولت کار کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار کی مسجد میں ہونے والے دھماکےمیں ملوث نیٹ ورک کے خلاف مختلف اضلاع میں آپریشنز جاری ہیں، سی ٹی ڈی اسپیشل انویسٹی گیشن کی 4 ٹیمیں مختلف قبائلی اضلاع میں موجود ہیں۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ دھماکے میں ملوث نیٹ ورک کے ایک سہولت کار اور خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی ہے، جس کے مطابق خودکش بمبار کی عرفیت عبداللہ تھی اور وہ نام بدلتا رہتا تھا۔
خودکش بمبار کے ایک سہولت کار کا ڈیٹا اور تصویر حاصل کرلی گئی ہے، مبینہ ملزم حسن کا تعلق جمرود ضلع خیبر سے بتایا جاتا ہے، نیٹ ورک سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے جی ایس ایم لوکیٹر کی مدد سے قبالی اضلاع میں کوشش جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے خود کش بمبار اور سہولت کار کو جائے وقوع تک پہنچانے والے رکشا ڈرائیور کا انٹرویو بھی مکمل کر لیا، رکشا ڈرائیور سے تفتیش کے بعد شہر کے دیگر مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں