بالی وڈ کو کب خیرباد کہیں گے؟ اکشے کمارنے بتادیا

بالی وڈ میں کھلاڑی کے نام سے مشہور اکشے کمار کی فٹنس پر ناصرف مداح رشک کرتے ہیں بلکہ ساتھی اداکار بھی ان سے متاثر ہیں جس کا اعتراف خود ابھیشیک بچن اور رتیش دیش مکھ بارہا کرچکے ہیں۔اکشے ان دنوں اپنی نئی فلم ‘بچن پانڈے’ کی تشہیر میں مصروف ہیں، حال ہی میں اس راز سے بھی پردہ اٹھایا کہ وہ اب بھی اتنا سارا کام کیوں کرتے ہیں۔54 سالہ اداکار نے کہا کہ مجھے حیرانی ہوتی ہے جب لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ اس عمر میں بھی ایک سال میں اتنی ساری فلمیں کیسے کرلیتے ہیں؟ اس عمر میں بھی کام کرنا میرا انتخاب ہے کیونکہ مجھے شوق ہے۔
اکشے کمار نے کہا کہ میں پیسوں کے لیے کام نہیں کرتا بلکہ اپنے جذبے کی خاطر اب بھی دوسرے اداکاروں سے زیادہ کام کرتا ہوں، صبح سویرے بیدار ہوکر کام پر جانا اچھا لگتا ہے، اگر آپ روزانہ کام کررہے ہوتے ہیں تو قدرتی طور پر آپ کے پاس فلموں کی آفر آتی رہتی ہے۔اداکار کاکہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ کووڈکے دنوں میں بھی میں نے کام کیا لیکن ان دنوں ہر کسی کو پیسوں کی ضرورت تھی، اس وقت ڈاکٹرز سمیت پولیس اہلکاروں، میڈیا ہر کسی نے اپنے حصے کا کام کیا۔بالی وڈ میں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے اکشے نے کہا کہ آج میرے پاس زندگی میں سب کچھ ہے، چاہوں تو بغیر کمائے سکون سے گھر میں بیٹھ کر کھا سکتا ہوں لیکن مجھ میں اب تک کام کا جذبہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس دن مجھے کام میں دلچسپی نہیں رہی اس دن میں خود اپنے کام اور انڈسٹری کو خیرباد کہہ دوں گا۔
واضح رہے کہ اکشے کی نئی فلم بچن پانڈے رواں ماہ کی 18 کو ریلیز ہوگی جس میں ان کے علاوہ اداکارہ کریتی سینن، بوبی دیول، ارشد وارثی اور جیکولین فرنینڈس شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں