آسٹریلیا اور پاکستان کے فیصلہ کن میچز اچھی پچز بنانے پر ہی ہوں گے: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان فیصلہ کن میچ تب ہوں گے جب پچز اچھی بنائی جائیں گی۔آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے لیکن دہشتگردی کے باعث کئی سال سے انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی سے محروم رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا انتظار کافی عرصے سے کر رہے تھے، آسٹریلوی ٹیم کو صدارتی سطح کی سکیورٹی دی جا رہی ہے، ہماری حکومت نے ملک کے اندر سیکورٹی حالات کو بہتر بنایا ہے۔
پاکستانی قوم آسٹریلیا کے ساتھ سیریز کا جوش و خروش کیساتھ انتظار کررہی تھی اور ایک کھلاڑی کی اصلی آزمائش ٹیسٹ کرکٹ میں ہوتی ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز اسٹیڈیم میں جاکر دیکھنے سے متعلق سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی مصروفیات کے باعث کرکٹ دیکھنے کا وقت نہیں ملتا لیکن اخبار میں چیزیں پڑھتا رہتا ہوں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان فیصلہ کن میچ تب ہوں گے جب پچز اچھی بنائی جائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر ملٹری کارروائی کے نتائج ٹھیک نہیں ہوتے، میں ڈپلومیسی اور ڈائیلاگ پر یقین رکھتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں