الیکشن کی تاریخ اور اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان تک اسلام آباد میں رہیں گے: عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہےکہ کوئی رکاوٹ ہمیں ڈی چوک جانے سے نہیں روک سکتی۔
صوابی انٹرچینج پر پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے اور کوئی رکاوٹ ہمیں نہیں روک سکتی۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے نوکروں نے پاکستان میں کنٹینرز لگادیے ہیں، لوگوں کومارچ میں شرکت سے روکا جارہا ہے، ہمارے لوگوں کوگرفتارکیا جارہا ہے، لوگوں کوگھروں سے گرفتارکیا جارہا ہے،خواتین کوتنگ کیا جارہا ہے۔اس سے قبل ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ ’میں اس وقت پشاور سے مارچ کا آغاز کررہا ہوں اور ولی انٹر چینج پہنچ رہا ہوں‘۔انہوں نے کہا کہ ’میں سارے پختونخوا کے لوگوں کو دعوت دے رہا ہوں کہ وہاں پہنچیں میں ادھر سے آزادی مارچ کے کاروان کو لیڈ کروں گا، وہاں سے اسلام آباد کی طرف نکلیں گے‘۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے میرے ساتھ سب نکلیں گے، یہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہے، ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے‘۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کی تاریخ اور اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی ذرائع کے ذریعے اس قسم کی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے اور دونوں فریقین نے صرف جلسہ کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔تاہم وفاقی وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کے ساتھ کسی قسم کے معاہدے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مسلح جتھے سے کسی قسم کے معاہدے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
حکومت کے بعد عمران خان نے بھی معاہدے کی تردید کر دی.بعدازاں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی حکومت کے ساتھ معاہدے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی تھی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد کی جانب بڑھ رہے ہیں، حکومت کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ اور اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام لوگوں سے کہتا ہوں کہ ہمارے ساتھ شامل ہوں
چیئرمین تحریک انصاف ویڈیو پیغام جاری کرنے کےبعد بذریعہ ہیلی کاپٹر ولی انٹرچینج پہنچ گئے ہیں جب کہ ان کے لیے بنایا گیا کنٹینر بھی ولی انٹرچینج پر موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں