گوگل ڈرائیو فائلز کے لیے آخرکار کٹ، کاپی اور پیسٹ شارٹ کٹس سپورٹ کا اضافہ

کئی بار کسی سروس یا ایپ میں ایسے نئے فیچر کا اضافہ کیا جاتا ہے جس کے بارے میں یقین نہیں آتا کہ اب تک وہ اس کا حصہ نہیں تھا۔ایسا ہی کچھ گوگل نے حال ہی میں کرتے ہوئے اعلان کیا کہ گوگل ڈرائیو کے ویب ورژن میں فائلز کے لیے کٹ، کاپی اور پیسٹ کی بورڈ شارٹ کٹس سپورٹ متعارف کرائی جارہی ہے۔گوگل نے ایک بلاگ میں بتایا کہ آپ کنٹرول سی، کنٹرول ایکس اور کنٹرول وی جیسے کاپی، کٹ اور پیسٹ کے کی بورڈ شارٹ کٹس کو اب فائلز کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے کےلیے استعمال کرسکتے ہیں۔بلاگ میں مزید کہا گیا کہ اس سے آپ کو ایک یا اس سے زیادہ فائلز کو کاپی کرنے سے وقت بچانے میں مدد ملے گی جبکہ چند کلکس پر اپنے مواد کو متعدد ٹیبز پر منتقل کرنا ممکن ہوگا۔یقین کرنا مشکل ہے کہ گوگل ڈرائیو میں اب تک ایسا کرنا ممکن نہیں تھا، مگر بات یہاں ہی ختم نہیں ہوتی۔
اگر آپ گوگل ڈرائیو سے ایک فائل کو کسی اور ڈاکومینٹ یا ای میل پر کاپی کرتے ہیں تو اس فائل پر ایک لنک بن جائے گا اور ٹائٹل بھی ہوگا۔اس کے علاوہ آپ فائل کے شارٹ کٹ بھی بنا سکتے ہیں جس کے نتیجے میں اسی فائل کو مختلف جگہوں پر بار بار کاپی پیسٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔گوگل کے مطابق یہ ‘نئے’ کی بورڈ شارٹ کٹس فوری طور پر صارفین کے لیے جاری کیے جارہے ہیں او ریکم سے 4 جون تک سب کے لیے دستیاب ہوں گے۔اور ہاں یہ شارٹ کٹس صرف گوگل کے کروم براؤزر پر دستیاب ہوں گے، اگر آپ مختلف براؤزر استعمال کریں ایسا کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ویسے گوگل ڈرائیو کو 10 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے اور ممکنہ طور پر آپ پہلے ہی ان شارٹ کٹس کے بغیر کام کرنے کے عادی ہوچکے ہوں گے تو زیادہ فرق محسوس نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں