حج آپریشن: پی آئی اے نے امریکی ڈالر کے مساوی رقم ادا کرنے کی شرط عائد کردی

لاہور: قومی ائیر لائن پی آئی اے نے حج آپریشن میں امریکی ڈالر کے مساوی رقم ادا کرنے کی شرط عائد کردی۔پی آئی اے نے حج آپریشن سے متعلق کرائے اور قوائد جاری کردیے جس میں امریکی ڈالر کے مساوی پیسے ادا کرنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق حج آپریشن پروازوں کے کرائے نارتھ اور ساؤتھ ریجن کے تحت مقرر کیے گئے ہیں اور تمام کرائے امریکی ڈالر کی کرنسی کے مساوی پاکستانی روپوں میں ادا کیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق کوئٹہ کراچی پر مشتمل ساؤتھ ریجن سے پیک سیزن کم سے کم 810 ڈالر اور زیادہ سے زیادہ 1100 ڈالر کے مساوی کرایہ مقرر کیا گیا ہے جب کہ لاہور، اسلام آباد، ملتان، پشاور پر مشتمل نارتھ سیکٹر کیلئے کم سے کم 860 ڈالر اور زیادہ 1150 ڈالر کے مساوی کرایہ ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ حجاج کو مقرر کیے گئے کرائے امریکی ڈالر کے مساوی پاکستانی روپوں میں ادا کرنا ہوں گے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا حج آپریشن 31 مئی سے شروع ہوگا، پاکستان سے مدینہ اور جدہ کیلئے پروازیں 31 مئی سے 3 جولائی تک جاری رہیں گی، بعد از حج آپریشن 14 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹو اکانومی کلاس کے حجاج کو 40 کلو بیگیج اور 7 کلو ہینڈ کیری سامان لے جانے کی اجازت ہوگی، اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے حجاج کو 35 کلو بیگیج اور 7 کلو سامان ہینڈکیری لے جانے کی اجازت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں