ایک ووٹ کی اکثریت کے لیے آصف زرداری دربدر دھکے کھا رہے ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایک ووٹ کی اکثریت قائم رکھنے کے لیے آصف زرداری دربدر دھکے کھا رہا ہے۔شیخ رشید نے ایک بیان میں کہا کہ یہ حکومت غیرملکی دوروں میں اپنی کمپنی کی مشہوری کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی، پچھلے ڈیڑھ مہینے سے بلاول پاکستان سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سازش سے آئی ہوئی حکومت لوگوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتی ، ملک میں بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہے، مہنگائی اور بے روزگاری سیاسی طور پر ان کو لے ڈوبے گی، ثابت ہوگیا کہ یہ انٹرنیشنل بھکاری ہیں اور وقت آنے پر اپنے کپڑے بیچنے کا دعوی کر رہے ہیں جن کپڑوں کا کے پی کے میں کوئی خریدار نہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک ووٹ کی اکثریت قائم رکھنے کے لیے آصف زرداری دربدر دھکے کھا رہا ہے، ساری دنیا کو پتہ ہے کہ بوٹ پالش کرنے والوں کی عوام میں کیا حیثیت ہے ایک نے اپنا بیٹا وزیرخارجہ لگایا ہوا ہے دوسرے نے چیف منسٹر اور تیسرے نے وزیر مواصلات اور لوگ کھائیں دھکے اور لوڈشیڈنگ میں گزارا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کی خاطر سپریم کورٹ جا رہا ہوں اور مجھے امید ہے کہ 31 کروڑ ڈالر سالانہ پاکستان بھیجنے والے کسی بھی پاکستانی سے کم محب وطن نہیں ہیں اور ان کا ووٹ پر پہلےحق ہے،ساری سامراجی طاقتیں موجودہ حکومت کے پیچھے کھڑی ہوجائیں لیکن اس حکومت کو نہیں بچا سکتیں یہ انتشار اور خلفشار زدہ ایک ووٹ کی حکومت عنقریب اپنی سیاسی قبر خود کھود کر رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں