آصف زرداری کے بہنوئی کی گاڑی سے قیمتی سامان اور نقدی لوٹ لی گئی

سابق صدر آصف زرداری کی بہن و صوبائی وزیر عذرا پیچوہو کے شوہر فضل اللہ پیچوہو کی گاڑی سے قیمتی سامان اور موبائل فون لوٹ لیے گئے۔پولیس نے فضل اللہ پیچوہو کی ویگو چھینے جانے کی خبروں کو غلط قرار دیا ہے اور اس سلسلے میں کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایس ایس پی عارف عزیز نے بتایا کہ سیکرٹری صحت فضل اللہ پیچوہو کی ویگو گاڑی نہیں چھینی گئی بلکہ گاڑی میں موجود سامان چار مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فضل اللہ پیچوہو کے ڈرائیور عبدالمنان سموں نے بہادرآباد تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی جس میں کہا گیا ہےکہ وہ شاہراہ فیصل پر ائیر پورٹ کی طرف جارہا تھا کہ اسے علی حیدر کا فون آیا کہ اس کے صاحب کا موبائل فون گاڑی میں رہ گیا ہے۔ عبدالمنان کا کہنا تھا کہ یہ سن کر اس نے شارع فیصل پر گاڑی روکی اور انتظار کرنے لگا جس دوران دو موٹر سائیکلوں پر 4 مسلح ملزمان آئے اور اسلحہ کے زور پر موبائل فونز، گاڑی میں موجود دو بریف کیس، چیک بکس، چار اسلحہ لائسنس، گاڑیوں کے اوریجنل کاغذات اور نقد رقم لوٹ لی جب کہ بریف کیس میں لیپ ٹاپ موجود تھا جو ملزمان لے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں