لاہور: حکومت جلد از جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں، چوہدری پرویز الہٰی

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کہتے ہیں کہ عمران خان نے حکومت کو کچھ دن کی مہلت دی ہے لہٰذا جلد از جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں۔اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ حکمران اقتدار کے نشے میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں خیال احمد کاسترو، اصغر علی سردار، زینب عمیر، شمسہ علی خان اور طلعت فاطمہ نقوی ایڈووکیٹ شامل تھیں۔چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی مارچ کی کامیابی کا بڑا ثبوت اور کیا ہو گا کہ ابھی اعلان ہوا نہیں اور جعلی حکومت نے ایک بار پھر شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر ابھی سے کنٹینر لگا کر بند کنا شروع کر دئیے ہیں، امپورٹڈ حکمران اقتدار کے نشے میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہے ہیں، لانگ مارچ کے دوران بچوں، بزرگوں اور عورتوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کر کے ن لیگ کی حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کو دہرایا ہے، اگر اسی وقت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کرداروں کو سزا دی جاتی تو آج یہ واقعات رونما نہ ہوتے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ملک کی سیاست اہم موڑ پر ہے اور حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے، عمران خان نے حکومت کو کچھ دن کی مہلت دی ہے، جلد از جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں، ہم نے ہمیشہ عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے، 1122 پنجاب میں بھر پور مخالفت کے باوجود کامیابی سے جارہی ہے،آج یہ سروس سندھ حکومت نے بھی شروع کی اُن کا شکریہ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں