قوم فاقوں مر رہی، حکمران مراعات میں کمی پر تیار نہیں، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم فاقوں مر رہی ہے اور حکمران اشرافیہ اپنی مراعات میں کمی کو تیار نہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جماعت کی مرکزی شوری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے حکم پر پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر کے پورے ملک میں ماتم برپا کر دیا ہے۔ قوم استعماری طاقتوں اور عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی میں پس رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اشرافیہ اپنی مراعات میں کمی کو تیار نہیں، سارا زور عوام کا خون نچوڑنے پر ہے۔ غریب کا بچہ بھوکا سوتا ہے، لوگوں کے پاس علاج کے لیے وسائل نہیں مگر حکمرانوں کے محلات میں چار چار سرکاری گاڑیاں کھڑی ہیں۔ ان حالات میں کہ جب قوم فاقوں مر رہی ہے آپ کو شاپنگ مالز کے باہر سرکاری گاڑیوں کی قطاریں نظر آئیں گی۔سراج الحق نے کہا کہ ایئرپورٹس پر جائیں تو کوئی حکومتی وفد آ رہا ہے اور کوئی جا رہا ہے اور ان آنیوں جانیوں میں سرکاری خزانے سے اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں، افسرشاہی، وزراء، مشیران اپنی کارکردگی بتائیں۔ یہ لوگ باہر جا کر ملک کے پیسے سے بڑے بڑے ہوٹلوں میں رہائش اوراپنی فیملیز سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں