احسن خان کو کون سے بھارتی سُپر اسٹار کےساتھ فلم آفر ہوئی؟

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور میزبان احسن خان نےانکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ کے سپر اسٹار کے ساتھ فلم آفر ہو چکی ہے۔حال ہی میں اداکار احسن خان اور اداکارہ عائشہ عمر اپنی آنے والی نئی فلم رہبرا کی تشہیر کے لئے ایک پروگرام میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے فلم اور اپنے ماضی سے متعلق واقعات پر تبصرے کیے۔
شو کے دوران میزبان کی جانب سے احسن خان سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ کو بالی ووڈ کی کوئی فلم آفر نہیں ہوئی؟
جس پر اداکار نے انکشاف کیا کہ انہیں بالی ووڈ کی ایک بڑی فلم آفر ہو چکی ہے جوکہ سپر اسٹار اکشے کمار کے ساتھ ایک لیڈنگ رول کی تھی مگر انہوں نے اس آفر کو مسترد کرتے ہوئے اپنے دوست کو ریفر کر دیا۔
ایسا کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے ’’انہوں نے کہا کہ میری اس وقت شادی ہوئی تھی اور مجھے اپنی اہلیہ کے ساتھ ہنی مون پر جانا تھا تو میں نے اپنے ساتھی اداکار دوست میکائل کو کہا کہ تم وہ فلم کر لو‘‘۔
اداکار نے بتایا کہ’’ جب میں ہنی مون سے واپس آیا تو میکائل نے مجھ سے پوچھا کہ تم نے آفر قبول کیوں نہیں کی جس پر میں نے کہا کہ کوئی بات نہیں تم کرو یا میں ایک ہی بات ہے ہم اچھے دوست ہیں‘‘۔یہ واقعہ سن کر عائشہ عمر نے حیرانی کا اظہار کیا اور احسن خان اور میکائل کی دوستی کو مثالی قرار دیا۔
یاد رہے کہ امین اقبال کی ہدایتکاری میں بنائی گئی فلم ’رہبرا‘ ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے جس میں احسن خان اور عائشہ عمر مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، فلم 24 جون کو پاکستان بھر کے سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں