عالمی برادری بھارتی حکومت کے رویوں، اقدامات کا نوٹس لے :مریم اورنگزیب

اسلام آباد : وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حضرت محمد (ص) کی ناموس میں گستاخی کرکے بی جے پی کے راہنماﺅں نے خود کو پست ثابت کیا، عالمی برادری بھارتی حکومت کے رویوں، اقدامات کا نوٹس لے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بی جے پی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی رہنماﺅں کے گستاخانہ بیانات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہ بی جے پی کی انتہاءپسندانہ اور فتنہ پرور سوچ کا ایک اور ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ رحمت بن کر آنے والے نبی اکرم (ص) کی پاک سیرت و کردار کا مطالعہ کرنے والا کوئی بھی نیک الفطرت انسان ان کا احترام کیے بغیر نہیں رہ سکتا۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارتی حکومت کے رویوں اور اقدامات کا نوٹس لے، بھارت اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے بنیادی حقوق، مذہبی آزادیوں اور بنیادی انسانی حقوق کا مجرم ہے، اسے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے، ہر مسلمان اپنے آقاکریم(ص) کی عزت وحرمت کو اپنی جان سے زیادہ عزیز سمجھتا ہے، ہر مسلمان اس مقصد کے لئے کٹ مرنے کو تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں