عامر لیاقت نے انتقال سے قبل رمضان چھیپا سے کیا وصیت کی تھی؟

چھیپا ویلفیئر کے سربراہ رمضان چھیپا نے عامر لیاقت کی وصیت سے متعلق گفتگو کی ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمضان چھیپا نے کہا کہ عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، اسپتال پہنچنے سے تقریباً 15 سے 20 منٹ پہلے ہی ان کی وفات ہوچکی تھی۔
رمضان چھیپا نے کہا کہ عامر لیاقت کی موت کے بعد ان کے سارے معاملات میں ہی دیکھ رہا ہوں، عامر لیاقت نے وصیت میں کہا تھا کہ مجھے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر میرے والدین کے ہمراہ دفن کیا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ عامر لیاقت نے کہا تھا کہ مرنے کے بعد میرے کفن دفن کے معاملات آپ ہی دیکھیے گا۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین جمعرات 9 جون کو کراچی میں انتقال کرگئے، ملازمین کے مطابق انہیں سینے میں تکلیف تھی لیکن انہوں نے اسپتال جانے سے انکار کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں