وزیراعظم کا گوادر میں گھریلو صارفین کو سولر پینل فراہم کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کے گھریلو صارفین کو سولر پینل فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کے دورے کے دوران گھریلو صارفین کو سولر پینلز کی فراہم کرنے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ سولر پینلز وفاقی حکومت کا گوادر کے لوگوں کو تحفہ ہوگا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گوادر میں بجلی کی فراہمی کیلئے فوری طور پر آف گرڈ نظام کا بھی جامع لائحہ عمل بنایا جائے اور جنوبی بلوچستان میں ٹرانسمیشن لائنز کے کام میں تیزی لا کے اسے رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ متعلقہ محکمے یقینی بنائیں کہ طویل مدتی منصوبوں میں بھی وقت اور لاگت میں جس قدر ہو سکے کمی لائی جائے، حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کے پیسے کی بچت کرے اور اسکا صحیح استعمال یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کو دنیا کی جدید ترین بندرگاہ بنانے کیلئے بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، بلوچستان کے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت بلوچستان میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، انجنئیر خرم دستگیر، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر اور متعلقہ اعلی حکام کی شرکت کی۔
اجلاس میں جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑا، پنجگور اور ایران کے درمیان بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں ٹرانسمیشن لائنز کے حوالے سے قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبوں کا اجراء کیا جا رہا ہے۔
حکام کو بتایا گیا کہ چھ ماہ کے اندر حکومت گوادر کو ایران سے مزید 100 میگاواٹ بجلی فراہم کر سکے گی، جس سے بجلی کی مجموعی فراہمی 260 میگاواٹ جبکہ کھپت 236 میگاواٹ ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں