بھارتی چینل پر لائیو نشریات کے دوران پاکستانی پرچم نمودار، نعت چل پڑی

نئی دہلی: بھارت میں نجی ٹی وی چینل کی براہ راست نشریات پر اچانک پاکستانی پرچم نمودار ہوگیا۔ اس موقع پر اسکرین پر لکھا ہوا تھا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت کیجیے۔سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لائیو نشریات کے دوران بھارتی ٹی وی چینل پر نعت بھی چلنے لگی۔ ٹوئٹر پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسکرین پر نیچے واضح کیا گیا ہے کہ اس ٹی وی چینل کی نشریات کو ٹیم ریوولیوشن پی کے کی جانب سے ہیک کیا گیا ہے۔
وڈیو وائرل ہونے کے بعد Team Revolution PK ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہوگیا، جس پر دنیا بھر سے صارفین تبصرے کررہے ہیں۔پاکستان کا جھنڈا آتے ہی نیچے بریکنگ نیوز پر لکھا آیا کہ ‘حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی عزت کیجیے’۔ساتھ ہی نیچے درج تھا کہ ‘اس چینل کو ٹیم ریوولوشن پی کے کی ٹیم کی جانب سے ہیک کیا گیا ہے’۔
پاکستان میں بھی اس وقت ٹوئٹر پر ’ٹیم ریوولوشن پی کے’ ٹاپ ٹرینڈ میں بھی شامل ہے، سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بھارتی نیوز چینل کو پاکستانی ہیکرز نے ہیک کیا اور نعت رسول ﷺ بھی چلائی۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی مرکزی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔بعد ازاں نوپور شرما کو 5 جون کو توہین آمیز ریمارکس پر بی جے پی نے معطل کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ بیانات کے بعد دنیا بھر سے بھارتی حکومت کی مسلم دشمن پالیسی اور حکمراں جماعت کے رہنماؤں کے بیانات پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں