روڈ ٹو مکہ اقدام سے ہزاروں پاکستانی عازمین حج کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی قیادت میں ’روڈ ٹو مکہ‘ پراجیکٹ ٹیم نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے روڈ ٹو مکہ منصوبے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام کے تحت ہزاروں پاکستانی عازمین حج کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی جبکہ روڈ ٹو مکہ اقدام مستقبل میں پاکستان کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔سعودی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے تمام امور پر دونوں ممالک کا موقف مشترک ہے، دونوں ممالک وقت کے نشیب و فراز میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ترقی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ ’روڈ ٹو مکہ‘ اقدام کا مقصد سعودی امیگریشن اور کسٹم سے متعلق رسمی کارروائیوں کو حج کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روانگی سے قبل مکمل کرنا ہے۔ سعودی ٹیم ایسے عازمین کی مملکت روانگی سے قبل ان کی سہولت کے لیے پاکستان میں موجود ہے۔
ملاقات میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے سعودی محکمہ سے منصور شاہد ایس الطائیبی بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں