ن لیگ نے پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا، ہم نے نکالا، علی زیدی

کراچی: سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ فیٹف کی گرے لسٹ میں ن لیگ نے پاکستان کو ڈالا اور ہم نے نکالا۔علی زیدی نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے پاکستانی قوم کو مبارک باد دیتا ہوں۔ فیٹف کی حتمی رپورٹ شام تک آ جائے گی۔ اس سلسلے میں کام کرنے والی ٹیم کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی الیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کل این اے240کے الیکشن میں عوام نے تماشا دیکھا۔ متحدہ، حقیقی، پی ایس پی، پی پی نے الیکشن میں حصہ لیا، تاہم الیکشن نے ثابت کیا کہ جہاں پی ٹی آئی حصہ نہیں لے گی وہاں عوام نہیں ہوں گے۔ یہی وجہ رہی کہ کل الیکشن میں ٹرن اوور کم رہا۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے دعویٰ کیا کہ ہماری جماعت نے الیکشن سے بائیکاٹ کیا، اس لیے عوام نہیں نکلے۔ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کرانے میں فیل ہوگیا۔ وزارت آئی ٹی عمران خان کے دور میں امین الحق کے پاس تھی آج بھی ہے۔ امین الحق بھائی ای وی ایم کی کمیٹی کا حصہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی مشکل حالات میں فائرنگ کے ماحول میں بھی اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔ ہم صاف ستھری سیاست کی طرف جارہے تھے۔ امن و امان قائم رکھنے والے ادارے کل کے واقعے کا نوٹس لیں۔ اگر کل ای وی ایم کا استعمال ہوتا تو الیکشن شفافیت کی بنیاد پر ہوتا۔ ہم چاہتے تھے کہ الیکشن شفاف ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں