مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی ریاستی دہشتگردی،چار کشمیری شہید

سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشتگردی میں چار کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔کشمیری میڈیا کے مطابق قابض بھارتی فورسزنے مقبوضہ کشمیرکے ضلع کلگام کا محاصرہ کرلیا۔ نام نہاد سیکورٹی آپریشن کے دوران بھارتی فوجیوں نے فائرنگ کرکے چارنہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔گھر گھرتلاشی کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتارکرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا۔ بھارتی فوج کی کارروائی کے دوران موبائل اورانٹرنیٹ سروس بند کردی گئی۔ کلگام اورنواحی علاقوں کا محاصرہ جاری ہے اورلوگوں کو گھروں سے نکلنے کی صورت میں گولی مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔بھارتی فوجیوں نے گھروں میں گھس کر خواتین سے بدتمیزی کی اورہراساں کیا جبکہ گھروں میں توڑپھوڑ بھی کی گئی۔ مقبوضہ وادی کے دیگرعلاقوں میں لوگوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کے لئے مختلف سڑکوں کو رکاوٹیں اورخاردار تارلگا کربند کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں