سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 26 جون سے شروع ہوگا

کراچی: سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ سندھ میں پہلے مرحلے میں 26 جون کو سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، اور میرپور خاص ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے جب کہ دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں انتخابات ہوں گے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان اور چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت کی زیرصدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی الیکشن کمشنر، آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔دورانِ اجلاس سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سندھ کی 143 ٹاؤن کمیٹیز، 14 ضلعی کاؤنسل، ایک میٹرو پولیٹن کارپوریشن جب کہ 45 ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں انتخابات ہوں گے، پہلے مرحلے میں 26 جون کو سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپور خاص ڈویژن میں ہوں گے، دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں انتخابات ہوں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2980 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور پولیس موجود ہوگی۔
اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سندھ میں26 جون سے شروع ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں انتظامیہ اور پولیس امن و امان کو یقینی بنائیں گے۔
چیف سیکرٹری نے کہاکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور پولیس کی موجودگی کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں