لاہور میں پیشی پر جانے والے 2 سگے بھائی قتل

لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقہ شاہدرہ ٹاؤن میں پیشی پر عدالت جانے والے دو سگے بھائیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ واقعے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔پولیس کے مطابق دونوں بھائی سجاد اور شاہد پیشی پر جا رہے تھے کہ مخالفین نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد حمزہ، کامران اور دل آریز زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد ایس پی سٹی سمیت پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی جب کہ فرانزک ٹیموں نے شواہد اکھٹے کیے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور شواہد کی مدد سے ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے گی۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے بھی 2 افراد کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں