وزیر اعظم سے وزیربراۓ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سربراہی میں آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیربراۓ ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع کی سربراہی میں آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملکی سطح پر اعلی کوالٹی کا کوئلہ، لوہا اور دیگر قیمتی معدنیات کی تلاش اور نکاسی کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں۔وزیر اعظم نے اس مقصد کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کی، تاکہ بجلی کی پیداوار اور دیگر صنعتوں میں استعمال ہونے والے خام مال کا زیادہ سے زیادہ حصہ مقامی سطح پر پیدا کر کے ملک کا قیمتی زر مبادلہ بچایا جا سکے۔
وزیر اعظم نے اس سلسلے میں تھر اور لاکھڑا میں موجود کوئلے کے ساتھ ساتھ میانوالی اور چنیوٹ میں دریافت شدہ لوہے کے ذخائر سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے ملک میں مائننگ سیکٹر کی ترقی کے لیے عملی تجاویز مرتب کر کے جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، اور اس مقصد کے لیے وزارت خزانہ، وزارت توانائی، وزارت پٹرولیم، وزارت صنعت و پیداوار، فیڈرل بورڈ آف ریوینیو اور دیگر متعلقہ حکام کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات جاری کیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مائننگ سیکٹر سمیت تمام شعبوں کے لیے اعلی تعلیم یافتہ ماہرین کی تلاش کے لیے وزیر مملکت براۓ پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بنانے کا بھی حکم دیا۔
ملاقات میں وزیر توانائی انجینئیرخرم دستگیر، وزیر اعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر مملکت براۓ پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک ، وزیر مملکت براۓ خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ، چیرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو عاصم احمد اور دیگراعلی سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں