وزیراعظم کا دورۂ گوادر، 100میگاواٹ ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد رکھ دیا

گوادر: وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں 100 میگاوٹ کی ایران مکران ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد رکھ دیا، انہوں ںے ماہی گیروں کو کشتیوں کے انجن فراہم کرنے کا اعلان کیا ساتھ ہی 100 بستروں پر مشتمل اسپتال بھی بنایا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل جلد حل کرنے کے خواہاں ہیں، گوادر کے ماہی گیروں کو کشتیوں کیلئے 2 ہزار انجن فراہم کریں گے۔وزیراعظم نے گوادر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ ماہ کے دوران گوادر کا آج دوسرا دورہ ہے، گوادر کے لوگوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل جلد حل کرنے کی خواہاں ہے۔ جب تک مقامی شہریوں کے مسائل حل نہیں ہوتے، تمام ترقی بے معنی ہے۔ ماہی گیروں کو کشتیوں کیلئے 2 ہزارانجن میرٹ پر فراہم کریں گے۔
اس سے پہلے وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے خطاب میں کہا کہ گوادرکی ترقی بلوچستان اورپاکستان کی ترقی ہے، گوادر کے مسائل کے حل اور منصوبوں کی تکمیل ہمارا عزم ہے، صوبائی بجٹ میں گوادر کیلئے 1652 ملین رکھے گئے ہیں، گوادر کو پانی کی فراہمی کیلئے بھی بجٹ میں حصہ رکھا گیا ہے، سرحدی علاقوں میں کمرشل مارکیٹس کا قیام عمل میں لایا جائیگا، بلوچستان میں غیرضروری چیک پوسٹوں کوختم کر رہے ہیں۔ گوادر کے تعلیمی اداروں کیلئے 700 ملین مختص کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچے۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزرا اسعد محمود، سید نوید قمر، شاہزین بگٹی، احسن اقبال، آغا حسن بلوچ، خرم دستگیر، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، معاونینِ خصوصی طارق فاطمی اور سید فہد حسین بھی موجود تھے۔قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی اور وزیرِ اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے صوبائی وزراء کے ہمراہ وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور انڈس اسپتال کے درمیان گوادر میں 100 بستروں پر مشتمل بین الاقوامی معیار کے اسپتال کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی سرپرستی کی۔ گوادر میں بین الاقوامی معیار کا یہ اسپتال مقامی لوگوں کو علاج و معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرے گا۔
اسپتال کی جلد تکمیل کے بعد اس کا انتظام انڈس اسپتال سنبھالے گا۔ گوادر کے لوگوں کو علاج و معالجے کے لیے بڑے شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم ایک روزہ دورے پر گوادر میں موجود ہیں جہاں وہ انڈس ہسپتال اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مابین عالمی معیار کے ہسپتال کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے جبکہ قبائلی عمائدین سے ملاقات بھی ان کے شیڈول میں شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں