کراچی میں ڈاکو راج جاری، مزاحمت پر ٹائر شاپ کا مالک قتل

کراچی: سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ٹائر شاپ کے مالک کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔

سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے نیو سبزی منڈی کے قریب قائم بسم اللہ مارکیٹ کے قریب کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ابتدائی طور پر گلشن اقبال میں قائم نجی اسپتال لے جائی گئی جسے بعدازاں جناح اسپتال لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ عارف محسود کے نام سے کی گئی جو بسم اللہ مارکیٹ میں ٹائر شاپ کا مالک اور علی ٹاؤن کا رہائشی تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق موقع پر موجود دکانداروں اور دیگر افراد نے پولیس بتایا کہ عارف محسود نے دکان بند کر کے گھر جاتے ہوئے مارکیٹ کے باہر سے انگور خریدے اور گاڑی کے اندر ہی بیٹھا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے اس سے موبائل فون اور نقدی چھین لی۔ اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں مقتول کے سر پر گولیاں لگیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت کا لگتا ہے، تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ بھی ہوسکتا ہے کیوں کہ ملزمان نے لوٹنے کے بعد مقتول کے سر پر گولیاں ماری ہیں۔ شبہ ہے کہ واردات کو دانستہ ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ پولیس عینی شاہدین کے بیانات سمیت تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ہی واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگالیا جائے گا۔دریں اثنا ٹیپو سلطان کے علاقے بلوچ کالونی فلائی اوور کے قریب وینس شادی ہال کے نزدیک موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 15 سالہ شکیل کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔علاوہ ازیں کورنگی کراسنگ امن ٹاور کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 35 سالہ زنار گل کندھے پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جب کہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر ساڑھے 11 حوا گوٹھ میں بھی فائرنگ کے واقعے میں 16 سالہ اصغر علی پشت پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔واضح رہے کہ کراچی میں رواں برس اب تک ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 83 شہری ڈاکوؤں کی سفاکانہ فائرنگ کا نشانہ بن کر زندگی سے محروم ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں