اسلام آباد:صدر آصف زرداری نے چینی صدر کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام بھیجنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بہت جلد چین کا دورہ کرنے کا پیغام دیا ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں مناسب تاریخ پر چین کا دورہ کروں گا۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے خیر سگالی کے پیغام پر شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ چینی صدر نے اپنے 3 نومبر کو خط میں صدر مملکت کے زخمی ہونے پر اپنی تشویش اور صدر زرداری کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا ۔ چینی صدر نے اپنے خط میں پاک چین دوستی کی گہرائی کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے خط میں صدر آصف علی زرداری کو چین کا دورہ کرنے کی گرمجوشی سے دعوت بھی دی تھی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین کی قیادت اور عوام کی جانب سے صحتیابی کے پیغامات سے متاثر ہوا ہوں۔ مستقبل قریب میں مناسب تاریخ پر چین کا دورہ کروں گا۔ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور آہنی بندھن کو مزید تقویت ملے گی۔
صدر شی جن پنگ نے نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے عزم پر زور دیا ہے، جس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے صدر شی جن پنگ کی بصیرت، قیادت اور پاک چین تعلقات آگے بڑھانے میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔