14

آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے میچ میں شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی

پرتھ: تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری 3 ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی ہے، آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر قومی ٹیم نے صرف 107 رنز کا ہدف دیا جو کینگروز نے بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے کیا، دونوں اوپنرز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کا 107 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 11.5 اوورز میں پورا کرلیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 48 اور ایرون فنچ نے 52 رنز بنائے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور کپتان بابراعظم نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کیا اور صرف 15 رنز پر کپتان بابراعظم 6 رنز بنا کر اسٹارک کی گیند پر آوٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر ون ڈاؤن آنے والے محمد رضوان بھی بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 22 رنز پر گری جب اوپنر امام الحق 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حارث سہیل تھے جنہوں نے صرف 8 رنز بنائے جب کہ 69 کے مجموعی اسکور پر ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ بھی 8 رنز بناکر چلتے بنے۔
قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا سوائے افتخار احمد کے جنہوں نے 45 رنز بنائے، عماد وسیم بھی صرف 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ شاداب خان ایک رن ہی بناسکے، قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 106 رنز ہی بناسکی۔
قومی ٹیم میں آخری ٹی ٹوئنٹی کے لیے 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فخر زمان آصف علی، وہاب ریاض اور محمد عرفان کی جگہ امام الحق، خوشدل شاہ، موسی خان اور محمد حسنین کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، آسٹریلوی ٹیم میں پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا کو ڈراپ کرکے ایبٹ اور اسٹین لیک کو شامل کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں