17

تصاویر کے ذریعےروڈ ایکسیڈنٹ اورسماجی برائیوں پرآگاہی دینے والافوٹوگرافر

کیرالا(جرات نیوز) بھارتی فوٹوگرافر نے تصویر کشی کو ایک نئے اور اہم مقصد کے لیے استعمال کرکےدنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے۔19سالہ حافظ ساجد نے پہلے ٹریفک حادثات اور غفلت پر تصاویر بنائیں جو بہت پسند کی گئیں ۔
ان کی ایک تصویر دنیا بھر میں مشہور ہوئی جس میں خاتون کا دوپٹہ موٹرسائیکل کے پہیے میں پھنسا دکھائی دیتا ہے اور یہ سب منظر اتنا حقیقی لگتا ہے کہ تصویر کشی کی داد دینی پڑتی ہے۔اس کے علاوہ حافظ نے ہیلمٹ کی اہمیت اور دیگر امورپر تصاویر بنائی ہیں جو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہوئی ہیں اور لوگوں نے سڑک و سفر کے حفاظتی اقدامات پر ان کی تخلیقات کو بہت پسند کیا ہے۔ یہاں تک کہ اس نے حادثے کی وجہ بننے والی چھوٹی چھوٹٰی باتوں کا بھی خیال رکھا ہے اور اسے ایک وسیع کینوس پر پیش کیا ہے۔
حافظ کی ایک اور تصویر میں انہوں نے پیغام دیا ہے کہ سڑک پر کار کا دروازہ کھولنے سے قبل پیچھے ضرور دیکھیں تاکہ کسی ناگہانی حادثے سے بچا جاسکے۔ یہ تصویر بھی بہت پسند کی گئی اور تیزی سے وائرل ہوئی۔ حافظ کے انسٹاگرام فالوور کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہے اور مسلسل بڑھ رہی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے منشیات، خواتین سے بدسلوکی، اسٹریٹ کرائم اور ہراساں کرنے کے عمل پر بھی تصاویر بنائی ہیں جو ان کے نئے منصوبے کا حصہ ہے۔ اب یہ حال ہے کہ کئی ادارے اپنی مصنوعات اور پیغام کی تشہیر کے لیے بھی حافظ سے رابطہ کرتے ہیں اور ان سے اپنی تشہیری مہمات کے لیے مشاورت بھی کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں