Dust Storm Hits Karachi 90

کراچی سمیت سندھ میں آندھی ومٹی کا طوفان، متعدد افراد ہلاک اور زخمی

کراچی: کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں آندھی اور مٹی کے طوفان کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ گرد آلود ہوائوں کی وجہ سےکئی علاقوں میں بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ گئی ہیں جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔کراچی میں پیپلز چورنگی کے قریب درخت گرنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب تیز ہواﺅں کے باعث بجلی کا تار چلتی گاڑی پر گرا جس سے فوری آگ بھڑک اٹھی اور اس میں سوار افراد جھلس کرزخمی گئے۔مذکورہ افراد اورنگی ٹائون میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔ٹیپو سلطان سگنل کے قریب سکول کی چھت گرنےسے5 بچے زخمی ہوگئے۔میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو فورا پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔گلبہار حاجی مرید گوٹھ میں گھر کی چھت گرنےسے5 سالہ بچی تنزیلہ جاں بحق ہوگئی۔ لیاری غریب شاہ روڈ پربھی مدرسے کی چھت گرنے سے 6 بچے زخمی ہوگئے۔ مٹی کے طوفان و تیز ہوائوں کے باعث متعدد ٹریفک حادثات بھی پیش آئے جس کےنتیجےمیں کئی گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں اورالٹ گئیں۔گرد آلود اور تیزہوائوں کی وجہ سے ماہی گیروں کی کشتی ڈوب گئی تاہم ماہی گیروں نے جانیں بچانے کے لیے سمندر میں چھلانگیں لگائیں اور تمام 13 ماہی گیر بحفاظت اپنے اپنے گھروں تک پہنچ گئے۔اورنگی ٹائون، گارڈن، گولیمار، جیل چورنگی، طارق روڈ اور ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔گرد آلود ہوائوں اور بوندا باندی نے شہرمیں گرمی کا زور توڑ دیا ہے جب کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائوں کا سسٹم شہر میں منگل تک موجود رہے گا جس کی وجہ سے پیر کا پورا دن اور منگل کی صبح ہوائوں کی رفتار زائد رہے گی۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔بدین،کڈن،جاتی،ٹھٹھہ،ٹنڈوجام سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ مٹی کا طوفان جاری ہے جس سے متعدد کچے مکانات کی چھتیں اڑ گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں