سی ای ایس 2024: جدید سہولیات سے آراستہ اڑنے والی گاڑی کی نمائش

لاس ویگس: مشہور کمپنی ہیونڈائی موٹر گروپ کی ذیلی کمپنی ایڈوانسڈ ایئر موبیلیٹی (اے اے ایم) نے لاس ویگس میں جاری کنزیومر الیکٹرانک شو 2024 میں اپنی فضائی وہیکل کے منصوبے کی رونمائی کر دی۔

ایس-اے 2 نامی عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کرنے والی یہ اڑنے والی برقی وہیکل (ای وی ٹی او ایل) میں بیک وقت پائلٹ سمیت چار مسافروں کی گنجائش رکھتی ہے۔

وی-ٹیل ایئر کرافٹ ڈیزائن کی حامل یہ سواری 1500 فٹ کی بلندی پر 193 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور یہ خصوصیت اس کو روزمرہ کے 40 سے 65 کلو میٹر کے درمیان شہری سفر کے لیے عین مطابق بناتی ہے۔
ڈسٹریبیوٹڈ الیکٹرک پروپلژن آرکیٹیکچر اور آٹھ ٹِلٹنگ روٹرز پر مشتمل یہ اڑنے والی گاڑی خاموش اور ہموار فضائی تجربہ فراہم کرتی ہے۔عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران ایس-اے 2 محض 65 ڈیسی بل (جو کہ ڈش واشر کی آواز کے برابر ہوتی ہے) جبکہ پرواز کے دوران صرف 45 ڈیسی بل کی آواز پیدا کرتی ہے۔

علاوہ ازیں سواری کے لیے مضبوط ایئر فریم اسٹرکچر کی صورت میں حفاظت کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔

سپرنل کے مینوفیکچرنگ اسٹریٹیجی کے سربراہ نیل مارشل کے مطابق اس انڈسٹری میں وہیکل کی رینج محدود کرنے کے بڑے عوامل میں طیارے کے اندر کی جگہ اور وزن ہیں۔ اس حوالے سے بیٹری پاور کو بھی ایک بڑا مسئلہ سمجھا جاتا ہے۔

نیل مارشل کا کہنا ہے کہ اس وہیکل کی منظوری 2026 میں متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں