پنجاب اور سندھ اسمبلی کا اجلاس غیر قانونی طریقے سے ہوا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پنجاب اور سندھ اسمبلی کا اجلاس غیر قانونی طریقے سے ہوا۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 8 فروری کو عوامی مینڈیٹ چھینا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے جیتی ہے۔ ہماری ٹوٹل 227 سیٹیں بنتی ہیں۔ پی ٹی آئی کے 86 ارکان قومی اسمبلی سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے جبکہ سندھ میں 9 ایم این ایز نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا۔

انہوں نے کہا کہ قانون میں موجود ہے آزاد امیدوار 3 دن کے اندر اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہوسکتا ہے۔ عوام نے مینڈیٹ دیا ہے الیکشن کمیشن بھی عوامی مینڈیٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ سنائے۔ الیکشن کمیشن کے کسی فیصلے نے ہمارے آئینی اور قانونی تقاضے کو پورا نہیں کیا۔ مخصوص نشستوں کے فوری بعد اجلاس نہیں ہوسکتا۔ سندھ اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس غیر قانونی طریقے سے ہوئے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی کاز لسٹ میں کیس ہی نہیں تھا۔ کیس نہ ہونے کے باعث سماعت کل تک ملتوی ہوئی۔

سنی اتحاد کونسل کے رہنما حامد رضا کا کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں۔ ایک مینڈیٹ چور کو راتوں رات پنجاب کا وزیراعلیٰ مقرر کردیا گیا۔ ہم نے 6 روز قبل درخواست دائر کی تھی ہماری درخواست کے خلاف 6 اپیلیں دائر ہوئیں اور آج نمبر بھی الاٹ ہوگیا ۔ آخری سانس تک پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں