الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلیے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلیے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی۔

الیکشن کمیشن کےمطابق ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت حلقہ بندیاں مکمل کی گئیں اور انہی کے مطابق حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کی گئی۔

فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 266 ہوگی۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141، سندھ میں 51 ، کے پی کے میں 45 جبکہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 نشتیں ہوں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی داارلحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی 3 نشستیں ہوں گی۔

حلقہ بندیوں کی فہرست کے مطابق پنجاب اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 297 ، سندھ اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 130، کے پی کے اسمبلی میں 115 اور بلوچستان اسمبلی کی جنرل نشتیں 51 ہوں گی۔

الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیوں میں سندھ کی قومی اسمبلی کی نشستوں میں ردوبدل کیا گیا ہے، حلقہ بندیوں میں سانگھڑ کی قومی اسمبلی کی ایک نشست کم ہوگئی، سانگھڑ کی قومی اسمبلی کی نشستیں 3 سے کم ہوکر 2 رہ گئیں۔

اسی طرح حلقہ بندیوں میں کراچی سائوتھ کی قومی اسمبلی کی ایک نشست میں اضافہ ہوگیا، کراچی سائوتھ کی قومی اسمبلی کی نشستیں 2 سے بڑھ کر 3 ہوگئیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق خیرپور، سانگڑ اور ٹھٹھہ کی صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست کم ہوگئی، خیرپور کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 7 سے کم ہوکر 6 ،سانگھڑ کی 6 سے کم ہوکر 5 اور ٹھٹھہ کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 3 سے کم ہوکر 2 ہوگئیں۔

ملیر، کراچی ایسٹ اور کراچی سینٹرل کی صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست میں اضافہ ہوگیا، ملیر کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 5 سے بڑھ کر 6، کراچی ایسٹ کی 8 سے بڑھ کر 9 اور کراچی سینٹرل کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی 8 سے بڑھ کر 9 ہوگئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں