انور مقصود نے اسد عمر کو بہترین اداکار اور شیخ رشید کو بہترین کامیڈین قرار دے دیا

کراچی: ملک کے معروف مصنف، مزاح نگار، ادیب، شاعر اور دانشور انور مقصود نے اسد عمر کو بہترین اداکار اور شیخ رشید کو بہترین کامیڈین قرار دیا ہے۔نجی ٹی وی چینل کے میزبان وسیم بادامی نے گزشتہ روز اپنے پروگرام ’’الیون آور‘‘ کی چند مختصر جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ وسیم بادامی کے شو میں انور مقصود اور ان کے بیٹے بلال مقصود بطور مہمان شریک تھے۔ جہاں انہوں نے میزبان کے ساتھ خوب گپ شپ کی۔میزبان نے انور مقصود سے پوچھا آپ کے خیال میں پاکستان کا بہترین ڈراما نگار کون ہے؟ انور مقصود نے جواب دیا جس نے خواب دیکھا تھا ’’علامہ اقبال‘‘۔ بلال مقصود نے جواب دیا میں ڈراما نگار کے بارے میں نہیں بلکہ بہترین ہدایت کار کے بارے میں بتانا چاہوں گا اور میرے نزدیک ساحرہ کاظمی بہترین ہدایت کارہ ہیں۔
میزبان وسیم بادامی نے دونوں سے سوال پوچھا آپ کے نزدیک بہترین کامیڈین کون ہے بلال مقصود نے کہا مجھے عمر شریف بہت پسند ہیں۔ جب کہ انور مقصود نے اس بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک بہترین کامیڈین شیخ رشید ہیں۔ جب کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کو انہوں نے بہترین اداکار قرار دیا۔
ان کے بیٹے بلال مقصود نے کہا کہ انہیں اداکار نعمان اعجاز بہت پسند ہیں۔ میزبان نے انور مقصودسے پوچھا کہ آپ کے نزدیک بہترین شاعر کون ہیں تو انہوں نے کہا فیض صاحب۔ وسیم بادامی نے بلال مقصود سے سوال کیا آپ کے خیال میں عصر حاضر کا اچھا گلوکار کون ہے تو انہوں نے عاصم اظہر کا نام لیا۔ جب یہی سوال انور مقصود صاحب سے کیا گیا تو انہوں نے گلوکارہ نصیبو لال کا نام لیا اور کہا جنہوں نے پی ایس ایل کا گانا گایا ہے۔میزبان وسیم بادامی نے بلال مقصود سے پوچھا کیا آپ ڈرامے دیکھتے ہیں جس پر انہوں نے منع کیا اور اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میرے پاس وقت نہیں ہے اور نہ ہی شوق ہے۔ بلال کی بات پر انور مقصود صاحب نے برجستہ کہا یہ عامر لیاقت کا شو دیکھتا ہے۔ جس پر میزبان وسیم بادامی ہنس پڑے اور پوچھا کون سا والا شو دیکھتے ہیں رمضان والا یا گیم شو؟
بلال مقصود نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا جس میں انہوں نے ناگن ڈانس کیا تھا وہ والا شو دیکھا تھا۔ وسیم بادامی نے پوچھا تو پھر آپ کو عامر لیاقت کی پرفارمنس پسند آئی؟ بلال مقصود نے جواب دیا بعض چیزیں ایسی ہوتی ہیں کہ آپ نہ چاہتے ہوئے بھی دیکھتے ہیں اور دل ہی دل میں سوچتے ہیں میں یہ کیوں دیکھ رہاہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں