اسرائیل کا جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر حملہ، 90 فلسطینی شہید

غزہ: غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں 90 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جبالیہ اور نصیرات پناہ گزین کیمپوں پر اندھا دھند بم برسا دئیے جس کے نتیجے میں 90 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

رپورٹس کے مطابق نصیرت کیمپ پر حملے میں شہید 25 افراد میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد بھی شامل ہیں۔ غزہ کے اسپتالوں پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اسپتالوں پر حملے کرکے غزہ میں صحت کے مراکز کو مکمل طور پر ختم کرنا چاہتا ہے۔
غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 18 ہزار 787فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ حماس کی جوابی کارروائی میں ایک ہزار 140 اسرائیلی مارے جا چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں